اعتماد کے ووٹ کے بعد گورنر نے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا
لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے پرویز الٰہی کی درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹادی ہے۔ اس سے پہلے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے گورنر بلیغ الرحمٰن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست پر پانچ رکنی بینچ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں مقدمے کی سماعت کر رہا ہے جہاں بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ اور جسٹس مزمل اختر شبیر شامل ہیں۔
آج سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ووٹوں کے ریکارڈ کو عدالت دلائل کا حصہ بنا دیا جائے۔ گورنر کو اس پر اعتراض نہ ہوگا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے ایسے میں اب آپ کیا کہتے ہیں۔ جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس دیے کہ اب بھی اگر گورنر کوئی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہیں تو صورت حال کیا ہوگی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ اسمبلی فلور کے بعد اس کی ضرورت نہیں رہی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے استفسار کیا کہ فلور ٹیسٹ مکمل ہوگیا ہے، یعنی معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ پرویز الہیٰ کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ گورنر کا جو پہلا حکم تھا کہ اعتماد کا ووٹ لے وہ ٹیسٹ کرلیا ہے۔ گورنر کا دوسرا نوٹیفکیشن وزیر اعلی کو ڈی نوٹی کرنے کا تھا جسے کالعدم ہونا چاہیے ۔
جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ آپ کے موکل نے مان لیا ہے کہ انہوں نے آرٹیکل 137 کے سیشن 7 کے تحت اعتماد کا ووٹ لیا ہے۔ اگر وہ یہ لکھتے ہیں کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اعتماد کا ووٹ لیا تو صورتحال مختلف ہوتی۔ بادی النظر میں وزیر اعلیٰ نے گورنر کے حکم کے مطابق اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔
عدالت نے کہا کہ گورنر ووٹ لینے پر کوئی اعتراض نہیں دائر کر رہے۔ آپ نے اسمبلی کے اندر اپنے معاملہ حل کر لیا، عدالت کو غیر ضروری طور پر سیاسی معاملات میں نا لایا جائے۔ جب گورنر نے پنا حکم وآپس لے لیا تو پھر معاملہ ختم ہو گیا، پہلے حکم پر آپ نے عمل کر لیا اور دوسرا حکم گورنر نے واپس لے لیا۔ اب تو کوئی اعتراض موجود نہیں ہے۔
عدالت نے وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے درخواست کو غیر موثر قرار دے کر نمٹایا۔ عدالت نے کہا کہ پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا، پرویز الٰہی کو ہٹانے کے نوٹی فیکیشن کو معطل کیا گیا اور دوران سماعت آج گورنر پنجاب نے واپس لے لیا۔