وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے سمری پر دستخط کردیے

  • جمعرات 12 / جنوری / 2023

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کر دیے۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصر ایڈوائس میں کہا گیا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو ایڈوائس کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کردیں‘۔

چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے ٹوئٹ میں کہا کہ ’وعدہ پورا کیا گیا، ہم آپ کو جلد وزیراعظم کی کرسی پر دیکھ سکیں‘۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس ایوان کی جانب سے ان کو اعتماد کا ووٹ دیے جانے کے بعد جاری کی گئی ہے اور ایڈوائس پر دستخط کرنے سے قبل انہوں نے زمان پارک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل ہوجائے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ کل پنجاب اسمبلی نے 186 ووٹوں کے ساتھ پرویز الہٰی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ثابت کردیا کہ سیاست میں اب بھی اصول مقدم ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پرسوں اسی طرز پر خیبرپختونخوا کی اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی۔ ہم نے عوام میں جانے کا وعدہ پورا کیا ہے، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کرکے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ہمیں عوام کے پاس جانے میں کوئی دقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 48گھنٹوں میں حمزہ شہباز کو عبوری حکومت کے لیے خط لکھ رہے ہیں۔ آئین کے تقاضا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے ساتھ عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی۔ 90 دنوں کے اندر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، پاکستان کی تقریباً 60 فیصد نشستوں پر یہ انتخابات ہوں گے۔