بلوچستان میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 4 سپاہی شہید

  • بدھ 18 / جنوری / 2023

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی۔ ایران کو اپنی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملے مسلسل ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس 25 دسمبر کو بلوچستان میں ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سمبازا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا آپریشن گزشتہ 96 گھنٹوں سے جاری تھا۔ اس سے قبل 26 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے 9 دہشت گردوں کو ہلاک اور دیگر 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔