عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنیوالے جے آئی ٹی ارکان تبدیل
محکمہ داخلہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ اختلافات رکھنے والے تمام ارکان تبدیل کردیے۔
مذکورہ جے آئی ٹی لاہور کیپیٹل سٹی پولیس افسر ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں حکومت پنجاب نے تشکیل دی تھی۔ اس میں قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کے بجائے صرف پنجاب کے پولیس اہلکار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 3 نومبر 2022 کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت متعدد رہنما زخمی اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔
آج غلام محمود ڈوگر کی سربراہی میں نئے ارکانِ کی تقرری کا گزشتہ تاریخوں میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ارکانِ میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل ، ایس پی انجم کمال ، ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز کو شامل کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں کسی بھی محکمہ کے چوتھے رکن کے تقرر کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔ نئے ارکان کے تقرر کا نوٹیفیکیشن 14 جنوری کی تاریخ سے جاری کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بنائی گئی جے آئی ٹی میں اختلافات سامنے آنے پر غلام محمود ڈوگر کی جانب سے نئے ارکان کا تقرری کیا گیا۔ پرانے ارکان نے جے ائی ٹی سربراہ کی تفتیش اور طریقہ کار پر اعترضات اٹھائے تھے۔