پی ٹی آئی کے 45 ارکان قومی اسمبلی کا استعفے واپس لینے کا فیصلہ

  • سوموار 23 / جنوری / 2023

پاکستان تحریک انصاف کے تمام 45 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی پارلیمنٹ کے بعد اسپیکر ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے داخلے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔

ارکان بعد میں الیکشن کمیشن آفس کے سامنے پہنچے۔ اس موقع پر سیکیورٹی حکام نے الیکشن کمیشن کے مرکزی دروازے کو خاردار تاریں لگا کہ بند کردیا۔  الیکشن کمیشن کے مرکزی دروازے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ کو الیکشن کمیشن کے اندر جانے کی اجازت دی گئی جہاں انہوں نے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہم 45 اراکین قومی اسمبلی اپنی درخواست واپس لے رہے ہیں، اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفی واپس لینے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اگر ہمارے استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے باہر ریاض فتیانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 45 ارکان اسمبلی نے استعفے واپس لے لیے ہیں، اسمبلی کے اندر حقیقی حزب اختلاف کا رہنما بنانا چاہتے ہیں۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کو لکھ دیا ہے کہ ہمارے 45 ارکان نے استعفے واپس لے لیے ہیں، ہمیں الیکشن کمیشن کے اندر نہیں جانے دیا جا رہا تھا۔

عامر ڈوگر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران سے ملاقات ہوئی ہے۔ آج ہم اسمبلی گئے لیکن اسمبلی کے دروازے بند کر دیے گئے، اسپیکر کے گھر گئے لیکن منسٹر کالونی کو بھی بند کر دیا گیا۔ ہم نے چیف الیکشن کمیشن اور چاروں ممبران کے سامنے اپنا کیس رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جو استعفی منظور کیے گٸے ان تمام پہلوٶں پہ بھی بات ہوٸی۔ پنجاب کے نگران وزیراعلی کی تعیناتی کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا جس پر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران نے کہا کہ ہم نے اپنی آٸینی ذمہ داری نبھاٸی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ہمیں کہا کہ آپ اسمبلی میں جاٸیں اور اپنا کردار ادا کریں لیکن یہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی نفی کر رہی ہے ۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کیونکہ اسپیکر قومی اسمبلی ابھی تک ہمارے تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، اس لیے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں اپنی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کردی ہے، پی ٹی آئی کا اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہوگا۔