انڈیا سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے، سوچ بچار کے بعد شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا: پاکستان
پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انڈیا نے رواں برس مئی میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لیے پاکستان کو دعوت نامہ بھیجا ہے جس پر سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ’پاکستان اور انڈیا دونوں ہی شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان ہیں اور اس بار انڈیا کونسل آف فارن منسٹرز اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں بحیثیت چیئرمین انڈیا نے پاکستان کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دعوت نامے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اجلاس میں شرکت کے حوالے سے سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔