کینیڈا نے اسلاموفوبیا کے خلاف پہلی بار نمائندہ خصوصی تعینات کردیا

  • جمعہ 27 / جنوری / 2023

مسلمانوں پر ہونے والے پے در پے حملوں اور افسوس ناک واقعات کے بعد کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے خلاف پہلی بار نمائندہ خصوصی تعینات کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ  اسلاموفوبیا، نسل پرستی کے نظام، نسلی امتیاز اور مذہبی عدم برداشت کے خلاف صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن امیرہ الگھاویبی مشیر، ماہر اور نمائندہ کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔

امیرہ الگھاویبی انسانی حقوق کی کارکن ہونے کے ساتھ ساتھ کینیڈین ریس ریلیشن فاؤنڈیشن کی کمیونیکشن سربراہ اور ٹورونٹو اسٹار اخبار کی کالم نگار بھی ہیں۔ وہ اس سے قبل ایک دہائی سے زائد عرصے تک پبلک براڈکاسٹ کمپنی سی بی سی میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے امیرہ الگھاویبی کی تعیناتی کو سراہا اور تمام فورم پر نفرت انگیزی اور اسلاموفوبیا سے لڑنے کے لیے اس تعیناتی کو اہم قدم قرار دیا۔ جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ اسلاموفوبیا کے واقعات سے سب واقف ہیں۔ گزشتہ کچھ سالوں سے کینیڈا کی مسلم کمیونٹی پر کئی قاتلانہ حملے کیے گئے۔

گزشتہ روز امیرہ الگھاویبی نے کینیڈا میں حالیہ واقعات کے نام درج کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم ان واقعات کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔