بے بنیاد الزام لگانے پر پیپلزپارٹی کا عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجے گی

  • ہفتہ 28 / جنوری / 2023

پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ’قتل کے منصوبے‘ کے الزام کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان جب بھی مشکل اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اپنی ناکامیوں کو اپنے مخالفوں پر ڈال کر سنسنی پھیلاتے ہیں اور اداروں پر حملے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی پوری تاریخ الزام تراشی پر انحصارکرتی ہے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے اپنے خلاف عالمی سازشوں کا پلندہ چھیڑا تھا۔ جب ادارے عمر ان خان کے ساتھ ہوتے ہیں تو وہ ایک پیج پر ہوتے ہیں لیکن جب ادارے ’نیوٹرل‘ ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو عمران خان اداروں کو گالیاں دینا شروع ہوجاتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ مخالفوں کو جیلوں میں ڈالنا، الزام تراشی کرنا، سنسنی خیزی پھیلانا عمران خان کی سیاست کا وتیرہ ہے، ان کی سیاست جمہوری نہیں بلکہ فاشزم پر مبنی ہے۔ عمران خان کا حالیہ الزام

 انتہائی گھناؤنا ہے۔ پیپلزپارٹی ان الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ میڈیا اور عوام کو عمران خان سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ ثبوت سامنے لائیں۔ قمر زمان کائرہ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ عدلیہ پی ٹی آئی چیئرمین کے الزامات کی تحقیقات کرے، اگر ان الزامات میں کوئی شخص ملوث ہے تو سخت سزا دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

 پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم عمران خان کو نوٹس جاری کرے گی۔ عمران خان اپنے بیان کو واپس لیں اگر انہوں نےایسا نہ کیا تو پیپلزپارٹی عدالتوں میں جائے گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عمران خان کو سوچنا چاہیے کہ کیا ان کے دشمن انہیں قتل کرنے کے لیے عسکریت پسند کو ہائیر کریں گے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان خود ’طالبان خان‘ ہے جو خود عسکریت پسندوں کا سرپرست ہے۔