اسحاق ڈار ہی معیشت کو گرداب سے نکالیں گے: مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے نواز شریف کی جلد وطن واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں اور اب معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔
لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد واپس آنے کے بعد لاہور ایئر پورٹ پر جلسے سے خطاب میں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کو خوش خبری سنادوں کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوگا۔ نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا، دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بار بار پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آنے والے دنوں میں وہ پھر واپس آئے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اس کے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ جولائی 2017 میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا، وہ قومی سانحہ تھا۔ 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو۔ مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے۔ بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے۔ پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ 8 مہینے کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 5 سال کا حساب ہوگا۔ 4 سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا۔ اسحٰق ڈار پر اعتماد کرو ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔
مسلم لیگ(ن) کو طعنے دینے والو سن لو، ابھی چند دن پہلے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے۔ چند دن پہلے تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ان کی حکومت تھی۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی ان کی حکومت ہے اور الزام مسلم لیگ(ن) کو دیتا ہے لیکن لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ اپنا خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر میں پھرتا تھا اور سیکیورٹی استعمال کرتا تھا لیکن آج رو رہا ہے۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پنجاب میں الیکشن جس دن بھی ہوں گے مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اب میں یکم فروری سے پنجاب کے تمام اضلاع میں جاؤں گی اور اس کا شیڈول بن گیا ہے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد آج (ہفتہ) کو واپس پاکستان پہنچ گئیں۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر ایئر پورٹ کے باہر موجود ہے۔ مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا پاسپورٹ واپس ملنے کے ایک روز بعد پاکستان سے لندن روانہ ہوئی تھیں۔ اُس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد نواز شریف سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں، جن سے وہ 2019 سے نہیں ملی تھیں۔