متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کا دورۂ پاکستان ملتوی
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورۂ پاکستان موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوستی، تعاون اور مختلف شعبوں کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے محمد بن زاید النہیان کو آج پاکستان کا سرکاری دورہ کرنا تھا۔
قبل ازیں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ان کا استقبال کریں گے۔
سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا رحیم یار خان کے چندنہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات میں ہم نے اپنے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 جنوری کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات گئے تھے اور انہوں نے شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔