آصف زرداری پر بے بنیاد الزام لگانے پر پیپلز پارٹی نے عمران خان لو قانونی نوٹس بھجوا دیا
پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قتل کے منصوبے کا الزام لگانے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کی حکمران جماعت نے پی ٹی آئی چیئرمین کے گزشتہ ہفتے دیے گئے اس بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ آصف علی زرداری نے دیگر کرداروں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر انہیں قتل کرنے کے لیے ’پلان سی‘ بنایا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے آج سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوایا۔
آصف علی زرداری کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اس نوٹس ملنے کے 14 روز میں اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگیں، معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں۔ سابق صدر کی جانب سے ارسال کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ معافی نہ مانگی تو 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس کروں گا۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان کے الزامات اور جھوٹ کو ہر بار نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ یہ میڈیا میں ہیڈ لائن بنانے اور سیاست میں متعلقہ رہنے کے لیے متنازعہ بیانات دیتے ہیں۔