بلاول بھٹو دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے

  • سوموار 30 / جنوری / 2023

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر روس کے دارلحکومت ماسکو پہنچ گئے ہیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور وزیر تجارت سید نوید قمر جلد امریکا کا بھی دورہ کریں گے جس میں پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کرے گا۔ روس کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیداران اور روس میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان اور سفارتخانے کے اہل کاروں نے بلاول بھٹو کا ماسکو پہنچنے پر استقبال کیا۔

دفتر خارجہ نے جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ روس کا دورہ ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ آج باضابطہ ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ 19 جنوری کو روسی وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں روسی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں طے پایا تھا کہ روس پاکستان کو رعایتی نرخوں پر تیل اور گیس فراہم کرے گا، اسی دوران دو طرقہ اتصادی اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو مارچ میں ممکنہ طور پر نیو یارک کا دورہ کریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام مسلم خواتین کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس 8 مارچ کو متوقع ہے۔ بلاول بھٹو 15 مارچ کو 15 مارچ کو ’اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن‘ کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کی ایک اور تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو روس یوکرین تنازع کے معاشی اثرات کے لحاظ سے منفی نتائج کا سامنا ہے۔ ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام تنازعات پرامن طریقے سے حل کیے جا سکتے ہیں اور یوکرین کا تنازعہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین تنازع سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو ’معاشی اثرات‘ کے حوالے سے منفی نتائج کا سامنا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ روسی سفارت کاری کی مضبوط روایت سے تنازع کے پرامن حل میں مدد ملے گی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرا دورہ روس اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج روسی ہم منصب کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول علاقائی اور عالمی مسائل پر دوستانہ، تفصیلی اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے۔ روسی فیڈریشن کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور روس کے تعلقات نہ صرف ہمارے قومی مفادات کو پورا کرتے ہیں بلکہ علاقائی، عالمی استحکام اور سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ہمیں امید ہے کہ ہم اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھیں گے اور روسی فیڈریشن کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔