اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی

  • جمعرات 02 / فروری / 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی۔

پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا وہ فیصلہ چیلنج کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی مرضی سے جان بوجھ کر غیر ملکی باشندوں سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔ عمران خان پاکستانی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے، یہ بات ثابت ہوگئی کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر مختصر فیصلہ سنایا۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست دائر کی جس میں ای سی پی کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔