وزیراعظم نے 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی، عمران خان کا شرکت سے انکار
وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی مسائل پر 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نےاہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے پر اہم سیاسی پیش رفت ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 7فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے اور اس کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پوری سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔
اس دوران تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے مگر اس حوالے سے ہم پارٹی میں مشاورت کریں گے۔ اے آر وائے نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمیں دعوت دے رہے ہیں، دوسری طرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ‘
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں