اسحٰق ڈار نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ وزیر خزانہ نے پہلے تو بڑی بڑھکیں ماریں کہ ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لاؤں گا، پھر آئی ایم ایف کو دھمکیاں دیں اور آج انہوں نے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔
ایک ویڈیو خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بڑے برے حالات ہیں۔ مجھے خوف ہے کہ ہم بحیثیت قوم بچیں گے بھی یا نہیں۔ قوم جو اپنے نظریے سے ہٹ جاتی ہے وہ مر جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سازش کے تحت ملک کے مجرموں کی حکومت ہمارے اوپر نافذ کی گئی، اگر آج ہم نہیں جاگیں گے اور جدوجہد نہیں کریں گے، ہم سب ذمہ دار ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک ایک کروڑ پاکستانی مقیم ہیں۔ اگر ان میں سے 15 سے 20 لاکھ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا شروع کردیں گے تو ہمیں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وہ اس لیے یہاں نہیں آتے کیونکہ ان کو ہمارے انصاف کے نظام پر اعتماد نہیں ہے۔ جو ہمارے دور میں آئے تھے وہ اب ملک چھوڑ کر جانے کا سوچ رہے ہیں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ خود پرست عمران خان وزیرِ اعظم کے عہدے سے آئینی طور پر ہٹائے جانے کے بعد سے غضبناک ہو گیا ہے۔ ٹوئٹر پر عمران کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے، ان کا مقصد پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال اور سیاسی ماحول خراب کرنا ہے۔