پاکستان میں وکی پیڈیا پر پابندی لگا دی گئی
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی نے غیر قانونی مواد نہ ہٹانے پر پاکستان میں انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ ’وکی پیڈیا‘ کو بلاک کردیا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ملک میں وکی پیڈیا ویب سائٹ بلاک کرنے کی تصدیق کی۔ ترجمان نے بتایا کہ عدالتی حکم کے تحت نوٹس جاری کرکے توہین آمیز مواد ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا اور اسے رپورٹ کردہ مواد کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
تاہم وکی پیڈیا نے توہین آمیز مواد ہٹانے کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ وکی پیڈیا کی جانب سے پی ٹی اے کی ہدایت کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم کو پاکستان میں بلاک کیا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مواد ہٹانے کے بعد ویب سائٹ پر سے پابندیاں اٹھانے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔
گزشتہ روز وکی پیڈیا چلانے والے فلاحی ادارے وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’وکی پیڈیا پر کون سا مواد شامل ہے یا اس مواد کو کیسے برقرار رکھا جاتا ہے اس کے بارے میں ادارہ فیصلہ نہیں کرتا‘۔ یہ ایسا ہی ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بہت سارے لوگ آکر فیصلہ کریں کہ سائٹ پر کون سی معلومات پیش کی جائیں۔
ادارے کا کہنا تھا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ علم تک رسائی ایک انسانی حق ہے، پاکستان میں وکی پیڈیا کا بلاک ہونا دنیا کی پانچویں سب سے زیادہ آبادی والے ملک کی سب سے بڑے مفت علم کے ذخیرے تک رسائی سے روکتا ہے جو اگر جاری رہا تو یہ سب کو پاکستان کی تاریخ اور ثقافت تک رسائی سے محروم کردے گا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستانی حکومت وکی میڈیا فاؤنڈیشن کے ساتھ انسانی حق کے طور پر علم کے عزم میں شامل ہوگی اور وکی پیڈیا اور وکی میڈیا پروجیکٹس تک رسائی کو فوری طور پر بحال کرے گی تاکہ پاکستانی عوام دنیا کے ساتھ علم حاصل کرتے اور بانٹتے رہیں۔