پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنانے سے مشروط کردی
پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی طلب کردہ اے پی سی میں صرف اسی صورت میں شریک ہوسکتی ہے اگر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشتگردی اور دیگر چیلنجز پر بات چیت کے لئے 7 فروری کو کل جماعتی کانفرنس سربراہی کانفرنس طلب کی ہے۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کےدوران کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو پہلے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا ہمیں اے پی سی کے لیے مدعو کرنا ہے یا سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ کیونکہ یہ دونوں چیزیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی ایف آئی آر درج ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آپ پہلے فیصلہ کرلیں کہ ہمیں اے پی سی کے لیے مدعو کرنے سے قبل آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ایک اور سینئر رہنما پرویز خٹک نے کہا کہ اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر نظرثانی کر سکتی ہے بشرطیکہ حکومت پہلے انتخابات کی تاریخ دے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان 7 فروری کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک کو درپیش عسکریت پسندی اور دیگر چیلنجز پر بات کرنے کے لیے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔