وزیراعظم شہباز شریف نے وکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا

  • منگل 07 / فروری / 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے آن لائن انسائیکلوپیڈیا وکی پیڈیا فوری طور پر بحال کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیرشاہ کے دستخط سےجاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وکی پیڈیا پر پابندی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا تھا اور انہوں نے اس پر وزیرقانون، وزیر اقتصادی امور اور وزیراطلاعات پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جہاں اراکین نے عوام، طلبہ اور اساتذہ کی معلومات اور آگاہی کے لیے وکی پیڈیا کے کارآمد ہونے سے متعلق چیزیں اجاگر کیں۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخصوص معلومات تک رسائی روکنے کے لیے وکی پیڈیا پر مکمل پابندی عائد کرنا مناسب اقدام نہیں ہے اور اس کی بندش سے پڑنے والے غیر ارادی اثرات اس کے فوائد کو زائل کردیتے ہیں۔

وزیراعظم نے تجاویز کی بنیاد پر حکم دیا کہ ویب سائٹ کو فوری طور پر بحال کردیا جائے اور وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق کی سربراہی میں وزیرقانون، وزیراطلاعات، وزیر تجارت اور وزیرمواصلات پر مشتمل ایک الگ کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی پی ٹی اے کی جانب سے وکی پیڈیا بلاک کرنے کے اقدام کا جائزہ لے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ تجاویز کے ساتھ وفاقی کابینہ کو غور کے لیے بھیج دے گی۔