وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ترکیہ کے باعث آل پارٹیز کانفرنس ملتوی
ترکیہ اور شام میں زلزے سے ہونے والی بدترین تباہی پر اظہارِ افسوس اور یکجہتی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ کریں گے جس کے باعث حکومت نے کثیر الجماعتی کانفرنس مؤخر کردی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے۔ وہ صدر رجب طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جارہی ہے۔ اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔
خیال رہے کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 100 سے زائد افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا گیا تھا۔ ایک روز قبل ہی کانفرنس کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کر کے 9 فروری کی گئی تھی جسے اب مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔