بلوچستان: کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکا، 2 افسر شہید
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افسران شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قابل اعتبار خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 10 فروری کو کارروائی شروع کی گئی تھی تاکہ دہشت گردوں کو آزادانہ کارروائیوں سے روکا جائے۔ کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا اور کارروائی کرنے والی پارٹی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو افسران شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں میجر جواد اور کیپٹن صغیر نے شہادت پائی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے تاکہ امن کے دشمنوں کو قابو کیا جائے۔
واقعے کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ دشمن عناصر کی جانب سے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات بلوچستان میں بڑی محنت سے حاصل کیا گیا امن اور استحکام سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ سیکیورٹی فورسز اس طرح کے اقدامات اپنے خون اور جان کی قیمت پر ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل لیوزیز اہلکار جمال شاہ نے بتایا تھا کہ کوہلو کے وسطی علاقے تڑیمڑ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بم کا دھماکا ہوا۔ دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، جنہیں کوہلو کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔