اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام نیب کیسز کے لئے لارجر بینچ بنادیا

  • جمعرات 16 / فروری / 2023

اسلام آباد ہائی نے حکم دیا ہے کہ نیب ترامیم کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت تمام نیب کیسز لارجر بینچ سنے گا۔

نیب ترامیم کے بعد کیسز کے مستقبل سے متعلق درخواستوں پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل، سردار مظفر، ڈپٹی پراسیکوٹر نیب، محمد رافع اور یاسر راٹھور پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نیب کی ترمیم کے بعد کے اثرات کو دیکھنا ہے، کون سا کیس کس عدالت میں جائے گا یا ختم ہو گا یہ فیصلہ بھی ہونا ہے۔ نیب کے اس نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کر کے لارجر بینچ بنا کر سن لیتے ہیں۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے عدالت کے رجسٹرار آفس کو تمام کیس یکجا کر کے لارجر بینچ کے سامنے لگانے کی ہدایت کردی۔

اس دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ ہم کیس کو جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل بینچ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔