آڈیو لیکس پر ایف آئی اے نے پرویز الہی کے خلاف تحقیقات شروع کردیں
ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی اور ان کے وکیل کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ فرانزک میں آڈیو اصل ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کے آڈیو لیک کے معاملے میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہی اور ان کے وکیل کی سامنے آنے والی آڈیوز کے فرانزک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان آڈیوز کو فرانزک کے لیے لاہور بھجوایا جائے گا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق آڈیوز کی فرانزک رپورٹ کے بعد تحقیقات اگلے مرحلے میں داخل ہوں گی۔ فرانزک رپورٹ وزرت داخلہ کو فراہم کی جائے گی اور اصلی ثابت ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اس دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے میچ فکسنگ کی طرح مبینہ طور پر کیس فکسنگ کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔ آڈیو ٹیپس منظر عام پر آنا نہایت سنگین واقعہ ہے جس نے ملک کے نظام عدل پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے منتخب وزیر اعظم کو اپیل کا حق دیے بغیر عہدے سے ہٹادیا گیا۔ اس اقدام نے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔