کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل کردی گئی
کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کے لیے پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ذوالفقار علی لاڑک کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے چیئرمین سی ٹی ڈی سندھ کے ڈی آئی جی ذوالفقار علی لاڑک ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں ڈی آئی جی جنوبی کراچی عرفان علی بلوچ، ڈی آئی جی سی آئی اے کراچی محمد کریم خان، سی ٹی ڈی کے ایس ایس اپی آپریشنز کراچی طارق نواز اور انچارج سی ٹی ڈی کراچی ڈی ایس پی راجا عمر خطاب ہوں گے۔
تحقیقات کے لیے اگر ضرورت پڑے تو چیئرمین کسی اور رکن کا انتخاب بھی کر سکتا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز (17 فروری) شہر مصروف شاہراہ فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے سے زائد مقابلے کے بعد عمارت کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا تھا، حملے میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔
پولیس ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے تینوں حملہ آوروں کو پولیس کمانڈوز کی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دیگر دو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
پولیس آپریشن میں رینجرز اور فوج کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی آئی جی کے دفترپہنچے اور واقعے کے حوالے سے معلومات لیتے رہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک شہری شہید ہؤا اور 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل تھے۔