شام میں اسرائیل کا فضائی حملہ، پانچ افراد ہلاک
شام کے دارالحکومت دمشق میں اتوار کی صبح اسرائیل نے فضائی حملے میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کے راکٹ حملے میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیل کے راکٹ حملے نے دارالحکومت کے وسط میں امویاد اسکوائر کے قریب گنجان آباد علاقے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کثیر المنزلہ عمارتیں ہیں جب کہ کئی سیکیورٹی تنصیبات بھی اسی علاقے میں ہیں۔
پولیس حکام کا سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حملے سے متعدد اموات ہوئی ہیں جب کہ کئی زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سینٹرز منتقل کیا گیا ہے۔ راکٹ حملوں کے حوالے سے اسرائیل کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ۔
اسرائیل کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا عسکری ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل نے نصف شب کے بعد شام میں فضائی کارروائی کی۔
حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 15 زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں عام شہری شامل ہیں جب کہ کئی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اسرائیل کے اس فضائی حملے میں کسی کو انفرادی طور پر نشانہ بنایا گیا تھا یا اس کے اہداف کچھ اور تھے۔