کلر کہار کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، 14 افراد جاں بحق
لاہور اسلام آباد موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
موٹر وے پر پیش آئے حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 64 مسافر زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کا شکار بس مخالف سمت سے آنے والے روڈ پر دو دیگر کاروں اور ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ پولیس کے مطابق مسافر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام آباد سے واپس لاہور جارہے تھے کہ ٹائر پھٹنے کے باعث ان کی بس الٹ گئی۔
پولیس اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو تباہ شدہ گاڑیوں سے نکال کر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق حادثے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں تھیں، رات گئے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
ڈپٹی کمشنر چکوال قرۃ العین ملک نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ 14 مسافر جان کی بازی ہار گئے جب کہ 64 دیگر شہری زخمی ہیں۔ 6 مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تصادم کے بعد ایک کار بس کے نیچے دب گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا۔
حادثے کا مقدمہ کلر کہار تھانے میں درج کر لیا گیا۔ پولیس اہلکار نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ کلر کہار کے قریب سالٹ رینج کے پہاڑی علاقے سے گزرنے والے موٹر وے کے خطرناک پیچ پر پیش آیا۔
زیادہ تر حادثات اس پیچ پر پیش آتے ہیں، اس کی وجہ اس پیچ کا خم دار اور اس کا ڈھلان ہے۔ وہ ڈرائیورز جو اسلام آباد لاہور موٹروے پر گاڑی چلانے کے عادی نہیں ہیں، وہ ایسے مہلک حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔