پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تحریری مراسلہ بھیجا ہے۔
ملک عامر ڈوگر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں۔ لاہور ہائی کورٹ نے 20 فروری کے حکم نامے میں تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے آپ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ لہٰذا ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف ایوان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
ملک عامر ڈوگرنے لکھا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے۔ لہٰذا چئیرمین تحریک انصاف کی ہدایات پر اس مراسلے کے ذریعے میں آپ سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہا ہوں۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ قانون کے مطابق چئیرمین نیب کی تقرری قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ چئیرمین نیب کے استعفے کے بعد نئی تقرری تحریک انصاف کے نئے قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت ہی سے ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے تھے۔