گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے رانا ثنااللہ کے وارنٹ جاری کردیے
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اداروں کو دھمکانے اور چیف سیکریٹری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سے متعلق مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے 7 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
جج رانا زاہد اقبال نے رانا ثنااللہ کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی۔ گجرات پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے اخراج رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔ تاہم عدالت نے پولیس کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے مقدمے کے اخراج کی رپورٹ مرتب کرنے پر ایس پی انویسٹی گیشن گجرات، متعلقہ ڈی ایس پی اور تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے مقدمے کے ملزم رانا ثنااللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے تمام پولیس افسران کو عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے 15 اپریل 2021 اور 29 جنوری 2022 کو اپنی تقاریر کے دوران عدلیہ اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔