رحیم یار خان: موٹروے پر ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

  • ہفتہ 25 / فروری / 2023

رحیم یار خان میں رکن پور کے قریب ملتان سکھر موٹروے (ایم-5) پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایک سوزوکی پک اپ وین مسافروں کو لے کر کراچی جارہی تھی کہ محمد پور کے علاقے تھل حسن کے قریب اس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی۔ حادثہ دیکھ کر ملتان سے آنے والی بس رک گئی اور اس کے مسافر حادثے کا شکار سوزوکی پک اپ کے حادثے میں زخمی ہوجانے والے افراد کی مدد کو اترے۔

اس دوران پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار جیپ ان مسافروں پر چڑھ دوڑی اور الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر رضوان عمر گوندل نے بتایا کہ زخمیوں میں 14 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی سرکاری گاڑی میں سوار فیملی خطرے سے باہر ہے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شیخ زید ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت اور اور انتظامات کی نگرانی کی اور زخمیوں کو ہر طرح کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

اس بارے میں موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ داران کا تعین کیا جارہا ہے۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کےذرائع نے بتایا کہ حادثہ اتنا اچانک تھا کہ موٹروے پولیس فوری طور پر سڑک پر حفاظتی رکاوٹ نہیں لگا سکی جس کے باعث گاڑی کے ڈرائیور کو اندازہ نہیں ہوا کہ کس لین میں حادثہ ہوا ہے۔