جیل بھرو تحریک اور آپریشن ’پاکستان تباہ کرو‘
- تحریر مصطفی کمال پاشا
- ہفتہ 25 / فروری / 2023
عمران خان کی جیل بھرو تحریک کا شہر لاہور میں بہت شاندار آغاز ہوا۔ پی ٹی آئی والے نہا دھو کر، صاف ستھرے کپڑے پہن کر، بن سنور کر اسمبلی ہال کے سامنے مال روڈ پر اکٹھے ہوئے۔ ڈھول ڈھمکے کے ساتھ، لاؤ لشکر سمیت آئے۔
کیمرے کی آنکھ نے ایسے مناظر خوب دکھائے اس دوران ٹریفک جام ہونے کے باعث شہریوں کو جس عذاب سے گزرنا پڑا وہ کہیں نہیں دکھایا گیا ۔ ایسے میں حکومت بھی کہیں نظر نہیں آئی۔ نظر آئے تو پی ٹی آئی کے ٹائیگر، عمران خان کے جیالے،ملک میں تبدیلی لانے والے، ریاست مدینہ قائم کرنے والے، حکومت وقت کو جیل بھرو تحریک کے ذریعے الیکشن کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرنے پر مجبور کرنے والے عمرانی جیالے۔ اجتماع بہت خوب تھا رونق ہی رونق تھی۔ سیلفیاں بن رہی تھیں ایسے لگ رہا تھا کہ یہ سب جیل جانے کی مکمل تیاری کرکے آئے ہیں۔ لیکن ایسا نہیں تھا۔
ہم نے یہ بھی دیکھاکہ ایک رہنما زبیر نیازی سیلفیاں بنوانے کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھنے کے لئے روانہ ہوئے ابھی وہ اپنی سواری تک پہنچ ہی پائے تھے کہ کسی اہلکار نے نشاندہی کر دی پھر انہیں بھاگتے ہوئے پکڑ کر وین میں ڈالا گیا۔ کیمرے کی آنکھ نے یہ بھی دکھایا کہ پولیس میگافون پر اعلان کررہی ہے کہ آؤ۔ پرزن وین یہاں ہے جو جیل جانا چاہتے ہیں وہ آئیں تاکہ انہیں جیل بھرنے کے لئے لے جایا جائے لیکن نتائج مثبت نہیں نکلے۔ ٹائیگر، بلی بھی ثابت نہیں ہوئے صرف 81افراد نے اپنے آپ کو جیل جانے کے لئے پیش کیا۔ لاہور جیسے شہر میں جہاں عمران خان ایک عرصے سے چھپے بیٹھے ہیں۔ زمان پارک سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔
یہاں بیٹھ کر عمران خان قومی سیاست کو اپنی مرضی و منشاکے مطابق ترتیب دینے میں مصروف ہیں وہاں بیٹھ کر انہوں نے ہزاروں افراد سے حلف وفاداری بھی لیا۔ جیل بھرو تحریک کے رضا کاروں کی لسٹیں بھی تیار ہوئیں لیکن جب وقت آیا تو پولیس کو اعلان کرنا پڑا کہ صاحبو آؤ تاکہ جلد عازم جیل ہوا جائے۔ 81ٹائیگر،صرف 81شیر نکلے اور بس باقی سب کچھ کاغذی اور زبانی کلامی ہی ثابت ہوا۔ انتہائی مایوس کن ابتداءہے جیل بھرو تحریک کی۔ حکومت نے بھی تحریکی بھائیوں کے ساتھ ہتھ کر دیا ہے 81 افراد کو میاں والی، اٹک، رحیم یارخان جیسے دور دراز علاقوں میں منتقل کر دیا ہے۔16ایم پی او کی دفعہ لگا دی ہے جس کی ضمانت بھی مشکل سے ہوتی ہے ۔اس دفعہ کے تحت گرفتارشدگان کو ہر کس و ناکس کے ساتھ ملاقات کی بھی اجازت نہیں ہوتی ہے۔ معاملات مشکل ہو گئے ہیں۔
اگلے روز پشاور میں تو جیل بھرو تحریک کی حد ہی ہو گئی صرف سیلفیوں تک محدود جیل بھرو تحریک مکمل طور پر ناکام دکھائی دی۔ لاہور سے گرفتار ٹائیگرز کے ساتھ جو کچھ ہوا اور انہیں پکڑ کر دور دراز جیلوں تک پہنچایا گیا اسے دیکھتے ہوئے پشاوری ٹائیگرز نے صرف سیلفیوں تک جیل بھرنے پر اکتفا کیا۔ تحریک کے تیسرے مرحلے میں راولپنڈی سے گرفتاریاں ہو رہی ہیں جب یہ کالم چھپے گا تو صورت حال واضح ہو چکی ہو گی۔ امید واثق ہے کہ یہاں بھی ڈرامہ ہی ہوگا ۔ہاں یہاں لاہور اور پشاور کی نسبت بڑا ڈرامہ سٹیج ہوگا کیونکہ یہاں پر شیخ رشید صاحب موجودہوں گے اور ڈرامے کرنے، کہنے اور سننے سنانے میں انہیں یدطولیٰ حاصل ہے۔ اس لئے یہاں لاہور اور پشاور کی نسبت بہتر اور اعلیٰ ڈرامہ سٹیج ہوگا۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ کیا ہو رہا ہے؟ اور کیوں ہو رہا ہے؟ کیا ہو رہا ہے تو اس کا جواب تو ہمارے سامنے ہے عمران خان 10اپریل 2022کو اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سے ہنوز ہر شے کو تہ و بالا کرنے میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ ان کی ایک ایک حرکت، ایک ایک بیان، آتش و آہن کی بارش بن کر برس رہا ہے۔ وہ جاری سسٹم کو ملیامیٹ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کبھی قومی اسمبلی سے مستعفی ہو کر، کبھی استعفیٰ واپس لے کر، کبھی پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کو تحلیل کرکے، کبھی لانگ و شارٹ مارچ کرکے اور اب جیل بھرو تحریک کا ہوا کھڑا کرکے جاری سیاسی نظم و نسق کو تباہ و برباد کرنے پر تلے بیٹھے ہیں ۔کچھ دیدہ قوتیں کسی نادیدہ قوت کے زیر اثر انہیں ایک مہان سیاست دان، عوامی لیڈر اور تبدیلی کے استعارے کے طور پر پیش کرتی نظر آ رہی ہیں۔ ایک عرصے سے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ عمران خان عوامی پذیرائی کے عرش بریں تک پہنچے ہوئے ہیں۔ ان کے جیالے ٹائیگر ہر شے کو نیست و نابود کر سکتے ہیں۔ حکومت ڈری سہمی ہوئی ہے، نامقبول ہو چکی ہے اس لئے الیکشنوں سے بھاگ رہی ہے وغیرہ وغیرہ۔
حالانکہ عمران خان کی عوامی پذیرائی جھوٹ کا ایک ایسا انبوہ عظیم ثابت ہو چکا ہے جس میں کچھ بھی نہیں ہے۔ عمران خان، ماضی قریب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 9نشستوں پر خود اکیلے ہی کھڑے ہو گئے تھے۔ ضمنی انتخابات انہی نشستوں پر ہوئے تھے جو تحریک انصاف نے ممبران کے استعفوں سے خالی قرار پائی تھیں۔ پی ٹی آئی اپنی ہی چھوڑی ہوئی نشستوں میں سے دو نشستیں ہار گئی تھی۔ہم نے دیکھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ہی دو نشستیں ہارنے کے باوجود جشن منایا۔ شرمناک جشن، پھر 26نومبر 2022کو راولپنڈی میں خیمہ بستی بسا کر قیام کرنے کا منصوبہ جس طرح فیل ہوا وہ بھی اپنی ایک تاریخ رکھتا ہے۔ پھر لانگ مارچ کی ناکامی کو وزیرآباد کے قاتلانہ حملے کی آڑ میں چھپانے کی کوشش۔
لبرٹی مارکیٹ اور پھر گورنر ہاؤس کے سامنے ناکام اجتماعات ناکامیوں کا تسلسل عمرانی جماعت کی عوامی پذیرائی کے ایسے منہ بولتے نہیں چنگھاڑتے ثبوت ہیں جو عوام کی توجہ چاہتے ہیں۔ رہی سہی کسر جیل بھرو تحریک کے شرمناک آغاز اور جاری انجام نے پوری کر دی ہے۔ عمران خان کی کہہ مکرنیاں عوام کے سامنے آ بھی چکی ہیں اور آ بھی رہی ہیں ان کی عوامی پذیرائی کا ہوا بھی رفو چکر ہوتا نظر آ رہا ہے لیکن وہ جھوٹ کے سہارے اپنے مشن میں لگے ہوئے ہیں اور اس میں انہیں کامیابی بھی ہو رہی ہے۔ اور وہ ہے مشن ڈیسٹرائے پاکستان۔ وہ بڑی یکسوئی کے ساتھ اور بڑی کامیابی کے ساتھ اس مشن میں کامیاب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سیاست کو اس قدر غیر مستحکم کر دیا ہے کہ معیشت اس کے بوجھ تلے دبی کراہ رہی ہے۔
قومی معاشرت تو ایک عرصے سے ان کی طرز سیاست کا شکار ہو چکی ہے دشنام اور گالم گلوچ کا کلچر فروغ پا چکا ہے۔ عدم برداشت، جھوٹ اور مکر کی دیوانی ایک نسل تیار ہو چکی ہے عمران خان کو جس مشن کے لئے نادیدہ قوتوں نے 1995میں لانچ کیا تھا وہ بڑے احسن طریقے سے اس کی کامیابی کے لئے جُتے ہوئے ہیں۔ وہ چاہے ایوان اقتدار میں ہوں یا باہر، بنی گالا میں ہوں یا زمان پارک میں، انہوں نے ایک لمحے کے لئے بھی اپنی نظریں اس مشن سے نہیں ہٹائی ہیں۔ دوسری طرف حکمران اتحاد ہے جب یہ لوگ اقتدار سے باہر تھے تو فیض حمید اور ہمنواؤں کی چالوں کے باعث کچھ نہ کرنے کی قسم اٹھائے بیٹھے تھے اور آج یہ اپنی ناکامیوں کے باعث کچھ بھی کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہے ہیں۔
پاکستان کی تباہی کا مشن جاری لگ رہا ہے۔ باقی حقیقت تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو ہی پتا ہے۔
(بشکریہ: روزنامہ پاکستان)