بلوچستان: بارکھان میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق
بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
لیویز کنٹرول روم بارکھان کے کانسٹیبل حبیب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایس ایس پی بارکھان نجیب پندرانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی بارکھان عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکا خیز مواد آئی ای ڈی کے ذریعے موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2 افراد سوار تھے۔ عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے کے بعد زخمیوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پیدا کر رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع خضدار میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کے اسکواڈ کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔