27 فروری پاکستان کے پرامن قوم ہونے کا ثبوت ہے: آئی ایس پی آر

  • سوموار 27 / فروری / 2023

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ‘  کے 4 برس مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ‘ کا نام دیا تھا۔

آج اس آپریشن کو 4 برس مکمل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے جرأت مندانہ، پرعزم اور ذمہ دارانہ ردعمل نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن (27 فروری) اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے اور پاک افواج وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا ہمیشہ بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے 27 فروری کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’27 فروری 2019 کو پلواما حملے کے بہانے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس پر آج قوم پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کے ساتھ پرامن رہنے کے خواہاں ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بھی 27 فروری کی مناسبت سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’27 فروری 2019 کو ہماری حکومت نے بالاکوٹ پر بھارتی فضائی حملے کے جواب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کےفوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے احکامات دیے اور پاک فضائیہ نے پاکستان کی حدود میں ایک بھارتی طیارہ مار گرایا جس کا ہواباز گرفتار ہوا‘۔ ہم ایک محدود جوابی حملے کے ذریعے بھارت کو دوٹوک پیغام بھجوانےمیں کامیاب رہے۔