لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے سرکاری اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے لیفٹیننٹ جنرل( ر) امجد شعیب کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
امجد شعیب کو پیر کی صبح گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران تھانہ رمنا سے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر عدنان بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے جنہوں نے ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا اور کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب پر لگی دفعات کے تحت 5 سال اور 7 سال کی سزا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کروانا ہے اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ لاہور سے جبکہ وائس میچنگ اسلام آباد سے ہو گا اس لیے سات روزہ ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر پبلک پراسیکیوٹر کی طرف سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو پیر کی دوپہر سنایا گیا۔
واضح رہے کہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب کو اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔