شرح سود میں اضافے کے لئے اسٹیٹ بینک کا اجلاس طلب

  • منگل 28 / فروری / 2023

اسٹیٹ بینک پاکستان نے متوقع طور پر شرح سود میں اضافہ کے پیش نظر مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 2 مارچ کو طلب کیا ہے۔ اجلاس مقرر تاریخ سے ایک ہفتہ قبل طلب کیا گیا ہے کیونکہ شرح سود میں اضافہ کا امکان ہے۔

اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جو کہ 2 مارچ 2023 کو ہوگا۔ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 مارچ کو مقرر تھا۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان اہم اقدامات کر رہا ہے جس میں ٹیکس بڑھانا، بڑے پیمانے پر دی گئی سبسڈیز ختم کرنا اور زر مبادلہ کی شرح سے مصنوئی پابندیاں شامل ہیں۔ حکومت کا خیال ہے کہ آئی ایم ایف سے پروگرام کی بحالی کا معاہدہ جلد ہی مکمل ہوگا جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ پالیسی ریٹ میں مزید اضافہ کیا جائے۔

مارکیٹ کے شرکاء حالیہ ٹریژری بل میں شرح سود میں کم از کم 200 بیسس پوائنٹس کے اضافے کی توقع کر رہے ہیں جو کہ 17 فیصد ہے۔ متوقع اضافہ ان نرخوں پر مبنی ہے جو کہ حکومت نے فنڈز جمع کرنے کے لیے نیلامی میں مقرر کی ہیں۔

حکومت نے 22 فروری کو نیلامی میں 258 ارب روپے بڑھا دیے تھے جبکہ تین ماہ، چھ ماہ اور 12 ماہ کے لیے کٹ آف ریٹ بالتریب 195 بی پی ایس، 206 بی پی ایس اور 184 بی پی ایس مقرر کردیے گئے جو کہ گزشتہ نیلامی سے زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے رواں برس جنوری میں 100بیسس پوائنٹس کے ساتھ جنوری 2022 سے اب تک شرحوں میں 725 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے۔ اس وقت بینک نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد بڑھتے ہوئے افراط زر سے نمٹنا ہے۔