عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم، ’جیل بھرو تحریک‘ معطل کرنے کا اعلان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ’جیل بھرو تحریک‘ معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان کا یہ بیان سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ عمران خان نے اپنے بیان میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کا فرض تھا اور معزز ججز نے آج اپنے فیصلےکے ذریعے یہ فرض نہایت بہادری سے نبھایا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی پر تصدیق کی ایک مہر ہے۔ ہم اپنی جیل بھروتحریک معطل کر رہےہیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم کی جانب بڑھ رہےہیں۔
واضح رہے کہ 22 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شروع کی گئی ’جیل بھرو تحریک‘ کے پہلے روز پارٹی کے اعلی عہدیداروں سمیت کم از کم 81 حامیوں کو پولیس نے مال کے چیئرنگ کراس میں گرفتار کیا تھا۔
جیل بھرو تحریک کے دوسرے روز خیبرپختونخوا سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی جب کہ تحریک کے تیسرے روز راولپنڈی سے صرف رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی، سابق رکن صوبائی اسمبل فیاض الحسن چوہان، اعجاز خان اور زلفی بخاری سمیت 42 کارکنان نے گرفتاری پیش کی تھی۔
تحریک کے چوتھے روز پارٹی رہنما اور حامی پولیس وین کے اندر فوٹو سیشن کرنے اور حکومت کے خلاف نعرے لگانے کے بعد منتشر ہو گئے تھے اور بغیر گرفتاری دیے اپنے گھر وں کو لوٹ گئے تھے۔