پشاور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خیبرپختونخوا میں انتخابات کی درخواست نمٹادی
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 90 روز میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کرانے کی درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نمٹا دی ہے۔
جسٹس روح الامین اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل شمائل احمد بٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے۔
جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ گورنر الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت سے تاریخ دیں۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں گورنر کو الیکشن کی تاریخ دینے کا پابند کیا گیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو پھر عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ انتخابات دونوں صوبوں میں 90 روز میں ہونا ہیں۔ پارلیمانی جمہوریت میں انتخابات اہم عنصر ہیں۔ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کی جانب سے سامنے آنے والا یہ فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت کے ساتھ جاری کیا گیا۔