آئی ایم ایف کے ساتھ آئیندہ ہفتے کے دوران اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا: اسحٰق ڈار

  • جمعرات 02 / مارچ / 2023

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اگلے ہفتے تک اسٹاف لیول معادہ ہونے کی توقع ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالف عناصر ملک کے دیوالیہ ہونے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خبروں کو مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت کے برعکس ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وقت پر بیرونی ادائیگیاں بھی کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کردی ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔ تمام اقتصادی اشاریہ آہستہ آہستہ درست سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 31 جنوری سے 9 فروری تک اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ 10 روز کی تفصیلی بات چیت کی تھی لیکن وہ معاہدے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا تھا اور اسلام آباد میں زیر بحث پالیسیوں کے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے دنوں میں ورچوئل مذاکرات کئے گئے۔

 اس دوران آئی ایم ایف سے معادہ کے بارے میں قیاس آرائیوں کی وجہ سے پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ ہوا  اور انٹربینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جمعرات کو انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 18.98 پیسے کمی واقع ہوئی جس کے بعد ایک ڈالر 285 روپے نو پیسے کا ہو گیا ہے۔

اس سے قبل بدھ کو انٹربینک میں ایک ڈالر چار روپے 61 پیسے اضافے کے بعد 266 روپے 11 پیسے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 21 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اور ایک امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 289 روپے تک ٹریڈ کر رہا ہے۔

ڈالر کی قیمت میں یہ اضافہ گزشتہ ایک ماہ میں روپے کی قدر میں قدرےِ بہتری کے بعد دیکھا گیا ہے۔ تین فروری کو ڈالر 276 روپے 58 پیسے کی سطح پر تھا جس کے بعد اس کی قدر میں گراوٹ دیکھی جا رہی تھی۔ پیر کو ایک امریکی ڈالر 259 روپے 92 پیسے تک آگیا تھا جس کے بعد سے اس کی قدر ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگ گئی ہے۔