متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کو مضبوط ترین قرار دیا گیا

  • جمعہ 03 / مارچ / 2023

پاسپورٹس کی درجہ بندی کرنے والے ادارے نوماڈ کیپیٹلسٹ نے رواں برس کی فہرست خلیجی ملک متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کو سب سے زیادہ پوائینٹ دے کر نبمر ون پاسپورٹ قرار دیا ہے۔

نوماڈ کیپیٹلسٹ دیگر اداروں کی طرح  پاسپورٹ کی ریٹنگ صرف ویزہ فری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نہیں کرتا۔ بلکہ اس مقصد کے لئے  کسی ملک کے مخلتلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

اول یہ کہ کسی ملک کے پاسپورٹ کےلیے کتنے ممالک میں ویزہ فری سروس ہے۔ اس کے نمبر 50 فیصد تک رکھے گئے ہیں۔ دوئم یہ کہ شہریوں کی محصولات کیا ہیں جس کے 20 فیصد نمبر ہیں۔ سوئم دنیا میں اس ملک کا تاثر، چہارم دہری شہریت کا حق اور پانچواں اس ملک میں شخص آزادی کی صورت حال جن کے نمبرز دس دس فیصد ہیں۔

 نوماڈ کیپیٹلسٹ  کی سال رواں کی درجہ بندی میں پہلا نمبر متحدہ عرب امارات کا ہے جس کے پاسپورٹ پر 181 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔ محصولات میں 50 نمبر، تاثر میں 40 جب کہ دوہری شہریت اور شخصی آزادی میں تیس تیس نمبر ملے۔ اس طرح متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر 110.5 اسکور حاصل کرکے نوماڈ کیپیٹلسٹ کی فہرست میں دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا ملک بن گیا۔

یاد رہے کہ نوماڈ کیپیٹلسٹ کی گزشتہ برس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات 32 ویں نمبر پر تھا۔ متحدہ عرب امارات کے بعد فہرست میں سوئٹزرلینڈ اور لگسمبرگ 108 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے پاسپورٹس پر 174 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے۔

تیسرے نمبر کے لیے بھی دو ممالک، آئرلینڈ اور پرتگال کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔ دونوں 50 .107 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر اس نمبر کے حق دار قرار پائے۔ ان پاسپورٹس پر 173 ممالک میں بغیر ویزے کے جایا جا سکتا ہے۔ چوتھے نمبر پر بھی دو ممالک  ہیں۔ جرمنی اور چیک ریپبلک کا اسکور 107، 107 رہا۔ نیوزی لینڈ 106.50 اسکور کے ساتھ 8 واں نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور سویڈن، فن لینڈ، نیدرلینڈز مشترکہ طور پر 9 ویں نمبر پر جب کہ ناروے دسویں نمبر پر رہا۔

اس فہرست میں 200 میں سے چین کا نمبر 128، بھارت کا 159 اور سری لنکا کا 170 ہے جب کہ بنگلادیش 182 ویں نمبر پر ہے۔

نوماڈ کیپیٹلسٹ کی فہرست میں کمزور ترین پاسپورٹس میں پاکستان 31.50 اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر رہا۔ کمزور پاسپورٹوں میں پاکستان سے اوپر بالترتیب صرف عراق، یمن اور افغانستان ہیں۔