جیل بھرو تحریک میں زیر حراست پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے جیل بھرو تحریک میں گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں حراست میں غیر قانونی کیا ہے۔ آپ نے خود جیل بھرو تحریک شروع کی، آپ کی درخواست قابل سماعت کیسے ہے؟
فواد چوہدری کے وکیل سکندر ذوالقرنین نے کہا کہ یہ سب سیاسی قیدی ہیں۔ رولز میں سیاسی قیدیوں کے بارے میں واضح بتایا گیا ہے۔ احتجاج کے طور پر جیل بھرو تحریک شروع کی گئی اور رہنماؤں نے اپنے آپ کو خود گرفتاری کے لیے پیش کیا۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے کہا کہ پٹیشن کے ساتھ کوئی ایسا ثبوت نہیں کہ تحریک انصاف کے لوگ حراست میں ہیں، یہ لوگ اپنی مرضی سے حراست میں گئے تھے۔ میں متعلقہ اتھارٹیز سے ہدایات لے لیتا ہوں۔
جسٹس طارق سلیم نے سرکاری وکیل سے کہا کہ آپ ہدایات لے لیں اور عدالت کو آگاہ کریں۔ بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے نظر بندی کے احکامات معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی رہائی کے احکامات جاری کردیے۔