نون لیگی وکلا نے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت کردی
پاکستان مسلم لیگ ن کے وکلا فورم نے ’سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو کلپس‘ کی بنیاد پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت درج کرائی ہے۔ اور ان پر ’مِس کنڈکٹ‘ (ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی) کا الزام لگایا ہے۔
ن لیگی وکلا کی درخواست میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے ساتھ مبینہ گفتگو کا ٹرانسکرپٹ بھی شامل ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی نقوی نے ’کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی‘ لہذا ان کے خلاف آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی کی جائے۔
درخواست کے متن کے مطابق مذکورہ جج نے آئین و قانون کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ ن لیگی وکلا کا الزام ہے کہ مبینہ آڈیو سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ’معزز جج نے فریقین کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے دوران فیصلے دیے۔‘
خیال رہے کہ پرویز الہی نے مبینہ آڈیو سے متعلق کہا تھا کہ ن لیگ کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف ’منظم مہم چلا رہی ہے۔‘