توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ نہیں ہوئے

  • سوموار 06 / مارچ / 2023

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت نے عمران خان کا ناقابل ضمانت وارنٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے منگل کو ان کے خاف کیس کی سماعت مقرر کی ہے۔ عدالت نے 28 فروری کو عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں سات مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

پیر کو سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا ہے اور اس وقت وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں موجود ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں عدالت میں پیش ہونے کا کوئی راستہ بتایا جائے۔

عمران خان کے ایک اور وکیل قیصر امام نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کے خلاف پرائیویٹ کمپلینٹ ہے جو الیکشن ایکٹ کے تحت درج کی گئی جب کہ پرائیویٹ کمپلینٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے۔

اس موقع پر جج ظفر اقبال نے کہا کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔ بعدازاں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھا ہے۔ اس سے قبل عدالت نے 28 فروری کو عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے سات مارچ کو پیش کیا جائے۔

واضح رہے اسلام آباد پولیس گرشتہ روز عدالتی حکم پر عمران خان کی گرفتاری کے لئے لاہور میں  ان کی رہائش گاہ زمان پارک گئی تھی لیکن اس سے کہا گیا کہ عمران خان موجود نہیں ہیں۔

اس دوران لاہور ہائی کورٹ آفس نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض لگا دیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ آفس کے مطابق ’عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں میں کچھ دستاویزات نہیں لگائیں گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے وکیل اظہر صدیق کی جانب سے گزشتہ رات یہ دعوی کیا گیا تھا کہ عمران خان کے خلاف تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں چیف جسٹس ہاؤس میں دائر کی گئی ہیں۔ اور چیف جسٹس نے بذریعہ رجسٹرار درخواستوں کو صبح کے لیے مقرر کر دیا ہے اور اس کی سماعت پیر کی صبح نو بجے ہو گی۔

اظہر صدیق کے مطابق حفاظتی ضمانت کی درخواستیں رمنا پولیس سٹیشن کے دو مقدمات اور توشہ خانہ کیس میں دائر کی گئی ہیں۔