عمران خان نے کبھی آرمی چیف سے ملاقات کی درخواست نہیں کی: فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کبھی بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی کوئی درخواست نہیں کی۔ اس حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
ایک بیان میں سابق وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اور نہ ہی ان کے کسی نمائندے، اسی طرح صدر نے کبھی بھی شہباز شریف سے ملاقات کے لیے آرمی چیف کی کسی تجویز کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ نہیں کیا۔
یہ بیان سینئر صحافی کامران خان کی صبح کئی گئی ٹوئٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ جنرل عاصم منیر نے کاروباری قیادت کے ساتھ کل شب ملاقات میں بتایا تھا کہ صدر عارف علوی کے ذریعے عمران خان کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا پیغام بھیجا تھا لیکن پی ٹی آئی چیئرمین نہیں مانے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس پر جنرل عاصم منیر نے کہا وہ سیاسی عمل میں مداخلت کے لیے تیار نہیں۔
کامران خان نے مزید کہا کہ اجلاس ساڑھے تین گھنٹے جاری رہا، جس میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔ سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ آرمی چیف اور وزیر خزانہ نے معاشی بحران کو تسلیم کیا لیکن وہ پُراعتماد تھے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ جلد ہو جائے گا۔
کامران خان نے یہ بھی بتایا کہ وزیر خزانہ نے کاروباری برادری کو بتایا کہ آئی ایم ایف چاہتا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گزشتہ زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں 6 فیصد اضافہ کیا جائے لیکن حکومت نے کسی طرح کرکے شرح سود میں 2 فیصد اضافہ ہونے دیا۔
واضح رہے کہ 3 مارچ کو عمران خان نے کہا تھا کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن کوئی بات ہی نہ کرنا چاہے تو وہ کیا کریں۔ اور اسٹیبلشمنٹ سے میری کوئی لڑائی نہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ آرمی چیف مجھے اپنا دشمن سمجھ رہے ہیں۔