حکومت فوراً اسمبلیاں توڑ کر انتخابات کروائے تب ہی بات ہوگی: عمران خان

  • جمعہ 28 / اپریل / 2023

حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کے ایک ہی روز بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں۔

انہوں نے یہ بیان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدی کی موجودگی میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں کہ اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر-اکتوبر میں انتخاب کی بات کرتے ہیں تو بات چیت کی کوئی ضرورت نہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جماعت کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈرٹی ہیری نے مجھے دو بار قتل کرانے کی کوشش کی۔ میں اگر ڈرٹی ہیری پر بات کرتا ہوں تو مجھ پر مقدمات بنا دیے جاتے ہیں۔ قبل ازیں عمران خان عدالت پہنچے تو صحافیوں نے ان سے ’چوروں‘ کے ساتھ مذاکرات کرنے جیسے سوالات کی بوچھاڑ کردی، تاہم وہ سوالات کے جواب دیے بغیر دفتر میں داخل ہوگئے۔

بعد ازاں غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون پر چل رہے ہیں۔ وہ قانون شکنی کر رہے ہیں۔ مذاکرات ایک جیسے لوگ کرتے ہیں، وہ اور ہم ایک جیسے نہیں، یہ آئین پر نہیں چلتے۔ موجودہ حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تو آئین ختم کر دیا جبکہ ہم نے آئین پر اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کیا۔ پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کی بتائی ہوئی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر 14 مئی کی تاریخ گزر گئی تو آئین ٹوٹ جائے گا۔ اور اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زورہو گا، اسی کی بات چلے گی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز ہوا تھا جس میں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔