دشمن عوام اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی سازش کررہا ہے: آرمی چیف
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل کا کہنا تھا کہ ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں، ہماری پہلی اور اہم ذمہ داری ریاست سے وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کے آئینی کردار سے وابستگی ہے۔ کوئی فرض مادر وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں ہے۔‘
آرمی چیف نے اپنی تقریر کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ، افغانستان میں امن اور مسئلہ کشمیر پر تفصیل سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔‘
جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے۔ افواج پاکستان دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتی، ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں فرق رکھنا ہو گا۔
پاکستان فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، عوام اور پاکستان فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔
انہوں نے افغانستان میں امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حَقِ خود ارادیت کے لیے اُن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
عالمی برادری کو جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔