پارا چنار میں فائرنگ کے واقعات، 8 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 7 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اپر کرم کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر محمد عمران خان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ فائرنگ کا پہلا واقعہ شلوزان روڈ پر تری مینگل اسکول میں پیش آیا۔ جائے وقوع شلوزان روڈ سے 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس کے بعد فائرنگ کے مختلف واقعات پیش آئے، ان واقعات میں اسکول کے 7 اساتذہ جاں بحق ہوئے۔
فائرنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کے علاوہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع پر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے اسکول میں فائرنگ کے واقعے کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام راستے سکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیے گئے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پارا چنار میں 7 اساتذہ کے قتل کی اطلاعات پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دوران ڈیوٹی اساتذہ کا قتل دہشت گردی ہے۔ اساتذہ کے قتل میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مقتول اساتذہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی اور لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری، انجمن حسینیہ کے سیکریٹری عنایت حسین، تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین نے فائرنگ سے بے گناہ اساتذہ کے قتل کو بہیمانہ اقدام قرار دیا۔
قبل ازیں ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 مئی 2023 کو شمالی وزیرستان کے ضلع دردونی میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگانے کے بعد 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سمیت ملک کے مختلف حصوں بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔