عمران خان آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

  • بدھ 10 / مئ / 2023

احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ ریمانڈ کی منظوری کے بعد عمران خان اب مزید تفتیش کے لیے آٹھ روز تک نیب راولپنڈی کی تحویل میں رہیں گے۔

بدھ کی شام نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ عمران خان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ القادر ٹرسٹ کے تحت وہاں یونیورسٹی بنائی گئی جہاں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، لہذٰا عمران خان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں بنتا۔

گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ اعظم کو پولیس لائنز اسلام آباد ریسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کو اُن کے خلاف مقدمات کی سماعت بھی وہیں ہوئی۔

القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی جانب سے عمران خان کو نیب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے پولیس لائنز ریسٹ ہاؤس میں ہی سماعت کی۔