9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا: آئی ایس پی آر

  • بدھ 10 / مئ / 2023

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد مشتعل افرا د کی جانب سے افواجِ پاکستان کی تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ پر فوج نے 9 مئی کو پاکستانی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیاہے۔

انٹر سروسز انٹیلی جینس کے اعلامیے میں نو مئی کو سیاہ دن قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب اعلامیے کے مطابق قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا۔ اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملےکرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کرائی گئی۔

ایک طرف تو یہ شر پسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کے لیے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے ملک کے لیے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے۔

فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال میں نہ کرسکے، وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی ساکھ کی پراوہ نہ کرتے ہوئے فوج نے انتہائی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا اور صبر اور برداشت سے کام لیا۔ کیونکہ مذموم منصوبہ بندی کے تحت صورت حال صرف اس لیے پیدا کی گئی تھی کہ فوج اپنا شدید ردعمل دے اور پھر اُسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی کے سنجیدہ اقدامات اور تحمل کی وجہ سے یہ سازش ناکام ہوئی اور ہم اس بات کو بخوبی جانتے ہیں کہ اس سارے منصوبے کے پیچھے پارٹی کے کچھ شرپسند رہنما تھے جنہوں نے احکامات اور ہدایات پہلے ہی جاری کردی تھیں۔ جو سہولت کار ، منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق  سخت کاروائی کی جائے گی۔ اور یہ  تمام  شر پسند عناصر  اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

آئی ایس پی آر اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے  پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ اور برملا و متعدد بار اس کا اظہار بھی کرچکا ہے۔ کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔