القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت

  • ہفتہ 13 / مئ / 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں  پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کو دی جانھے والی عبوری ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔ تفتیشی افسر کو جب بھی ضرورت ہو عمران خان ان کے سامنے پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل اٹارنی نے کہا آرٹیکل 245 کا نفاذ ہے۔ عمران خان کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی کا یہ مؤقف جارحانہ ہے۔ اس مؤقف کا مطلب وہ بنیادی حقوق غصب کرنا ہے جو جمہوری اور اسلامی ریاست کی بنیاد ہیں۔ تصور نہیں کیا جا سکتا ایک ذمےدار حکومت شہریوں کے لیے انصاف کی رسائی میں یہ رکاوٹ ڈالے گی

آرٹیکل 245 کے نفاذ میں عدالت تک رسائی کے نکتے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس دیا گیا ہے اور ان سے اہم آئینی نکتے پر معاونت طلب کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے متعلقہ فورم احتساب عدالت کے ہونے کا اعتراض اٹھایا۔ عمران خان کو سپریم کورٹ احکامات پر ہائی کورٹ پیش کیا گیا۔

تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا اعتراض درست نہیں۔ ہائی کورٹ کوڈ آف کرمنل پروسیجر کے تحت بھی کیس سننے کا اختیار رکھتی ہے۔