عمران خان نے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کو تحریک انصاف کے خلاف ’جال‘ قرار دیا
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس، لاہور پر حملہ ان لوگوں کی جانب سے ایک جال تھا۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جال کی آڑ میں تحریک انصاف پر کریک ڈاؤن میں شدت لائی گئی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ مجھ سمیت ہمارے سینئر قائدین اور کارکنان کو جیلوں میں بھر کر اپنے اس وعدے کو پورا کر سکیں جو انہوں نے لندن پلان کے تحت نواز شریف سے کر رکھا ہے۔
تحریکِ انصاف سربراہ عمران خان اس سے پہلے پرتشدد واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے واقعات کی تحقیقات چیف جسٹس کی سربراہی میں کروانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ حملے اور پرتشدد کارروائیاں سوچی سمجھی سازش کے تحت کی گئی تھیں۔
اس سے قبل عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی حراست کے دوران تشدد کی آڑ میں یہ خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن بیٹھے ہیں۔ اب یہ منصوبہ ہے کہ بشریٰ بیگم کو زندان میں ڈال کر مجھے اذیّت پہنچائیں اور بغاوت کے کسی قانون کی آڑ لے کر مجھے آئندہ دس برس کے لیے قید کر دیں۔