من مانی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے: ہیومن رائٹس واچ

  • اتوار 21 / مئ / 2023

ہیومن رائٹس واچ نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے احترام اور تحمل کا مظاہرہ کرے اور سیاسی کارکنوں اور پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ ختم کرے۔

یہ بیان سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کو گرفتاری کے ردعمل میں فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔  ہیومن رائٹس واچ نے نے فسادات کے ردعمل میں پی ٹی آئی کارکنان کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 ہزار سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ کئی لوگوں پر فساد اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے مبہم قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی ایسوسی ایٹ ایشیا ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین نے کہا کہ پاکستانی حکام کو پرامن احتجاج یا اپوزیشن کے حامی تمام افراد کو رہا کرنا چاہیے اور حراست میں لیے گئے تمام افراد کے قانونی حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی انتشار میں ملوث ہو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو۔ اور منصفانہ عمل کے حق کا احترام ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی تنازع کے دوران پرامن احتجاج اور منصفانہ عمل کی بنیادی ضمانتیں پامال نہیں ہونی چاہئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی گزشتہ روز اپنے ویڈیو لنک خطاب میں پارٹی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کی جانب توجہ دلائی تھی۔ انہوں نے بااختیار قوتوں پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کو بچائیں کیونکہ اُن کے بقول ملک جس راہ پر گامزن ہے وہاں سے واپسی ناممکن ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں ’مائنس ون فارمولے‘ کے لیے تیار ہوں لیکن اسٹیبلشمنٹ بتادے کہ اس سے ملک کو کیا فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ انتخابات اکتوبر میں کروانے سے پاکستان کو کس طرح مدد ملے گی۔ کیا معیشت بہتر ہو جائےگی یا مہنگائی کم ہو جائے گی؟

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ قوم اس راہ پر گامزن ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہے کیونکہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین معطل ہو چکا ہے اور پاکستان میں نظریہ ضرورت کا راج ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تخریب کاروں کی نشاندہی کرے اور ان کے ٹھکانے بتائے۔ اگر اس میں پی ٹی آئی کارکن ملوث پائے گئے تو وہ خود انہیں عدالتوں میں پیش ہونے کو کہیں گے۔