تحریک انصاف نے آرٹیکل 245 کے نفاذ اور عدالتی کمیشن کا قیام چیلنج کردیا

  • سوموار 22 / مئ / 2023

پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت آرٹیکل 245 کا نفاذ اور اس کے تحت ہونے والا کریک ڈاؤن کالعدم قرار دے۔

تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے بیرسٹر گوہر کے توسط سے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست کے مطابق ’آرٹیکل 245 کا استعمال سیاسی مقاصد کے لیے نہیں کیا جا سکتا، آرٹیکل 245 کا نفاذ سیاسی مخالفین کو افواج کے ساتھ لڑانے کے لیے ہے۔ فوجی عدالتوں میں ٹرائل بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین پر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے، تاریخ میں کبھی ہزاروں سیاسی کارکنوں اور لیڈروں کا فوجی عدالت میں ٹرائل نہیں ہوا۔ واضح رہے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کسی ہنگامی صورت حال یا امن وامان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو طلب کرسکتی ہے۔

علاوہ ازیں تحعریک انصاف نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ درخواست بابر اعوان نے دائر کی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں دائراس درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی اجازت کے بغیر کسی جج کو کمیشن کے لیے نامزد نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست میں اس بات کا بھی زکر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے کس جج کے خلاف تحقیقات یا کارروائی کا فورم صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔